نئی دہلی، 10؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے انا ڈی ایم کے کی سربراہ وی کے ششی کلا کو تمل ناڈو کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے سے روکنے کا مطالبہ کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی پر فوری سماعت سے انکار کر دیا۔درخواست میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ششی کلا کے خلاف آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک انہیں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے سے روکا جائے۔ایڈووکیٹ نے معاملے کودرج کرکے اس پر فوری طور پر سماعت کی درخواست کی ، تو چیف جسٹس جے ایس کھیہر اور جسٹس این وی رمن اور جسٹس ڈی وائی چند رچوڑ کی بنچ نے کہاکہ معاف کیجئے، درخواست مسترد کی جاتی ہے۔غیر سرکاری تنظیم ستتا پنچایت آیکم کے جنرل سکریٹری چنئی کے رہائشی سینتھل کمار کی جانب سے پیش ہوئے ایڈووکیٹ جی ایس منی نے معاملے پر بلا تاخیر سماعت کی درخواست کی تھی۔ مفاد عامہ کی یہ عرضی 6 ؍فروری کو دائر کی گئی تھی اور اس میں ششی کلا کے تمل ناڈو کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے پر روک لگانے کی اپیل کی گئی تھی ،کیونکہ ایسی قیاس آرائی تھی کہ وہ اگلے دن عہدے کا حلف لے سکتی ہیں۔درخواست گزار نے ان کی حلف برداری پر روک لگانے کا مطالبہ اس لیے کیا تھا ، کیونکہ عدالت عظمی نے 6 ؍فروری کو کہا تھا کہ وہ ششی کلا اور آنجہانی وزیر اعلی جے جے للتا کے خلاف 19؍سالہ آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں ہفتہ بھر کے اندر فیصلہ سنا سکتی ہے۔کمار نے کہا تھا کہ اگر ششی کلا پر الزام ثابت ہوجا تا ہے، تو انہیں عہدے سے استعفی دینا پڑا گے اور اس سے پورے تمل ناڈو میں فسادات کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔